18 سال بعد سبی ہرنائی ٹرین سروس بحال کر دی گئی
سبی(این این آئی)سبی ہرنائی ٹرین سروس 18 سال بعد بحال ہو گئی۔سبی ہرنائی ٹرین سروس کی بحالی کے لیے سبی ریلوے اسٹیشن پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان اور نگراں وزیر ریلوے شاہد اشرف تارڑ نے افتتاح کیا۔سبی تا ہرنائی ٹرین سروس بحالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیرِ اعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا کہ طویل مدت سے بند سبی، ہرنائی سیکشن کو دوبارہ سے کھولا گیا ہے۔علی مردان ڈومکی نے کہا کہ ریلوے ٹریک فروری 2006ئ میں بند ہوا تھا، عوام کو مشکلات کا سامنا تھا، نگراں حکومت کو اعزاز حاصل ہے کہ 18 سال بعد ٹرین سروس بحال کی۔انہوں نے کہا کہ 25 دسمبر کو بولان میل بھی بحال کردی جائے گی، دوسرے مرحلے میں نواب اکبر خان بگٹی ایکسپریس بحال کی جائے گی۔واضح رہے کہ 17سال قبل دہشت گردی کے واقعات کے باعث ٹرین سروس بند کردی گئی تھی۔