• news

صدر منتخب ہوا تو پہلے ہی دن مسلمانوں پر سفری پابندی عائد کر دوں گا: ٹرمپ

واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر میں دوبارہ صدر منتخب ہوا تو پہلے ہی دن مسلمانوں پر سفری پابندیاں عائد کروں گا۔ ریپبلکن یہودی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہم بنیاد پرست مسلمان دہشت گردوں کو اپنے ملک سے باہر رکھیں گے۔ ریپبلکن جیوش کولیشن کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے والے افراد سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آپ کو سفری پابندیاں یاد ہیں؟۔ صدر منتخب ہوتے ہی پہلے دن میں اپنی سفری پابندی بحال کر دوں گا۔ 2017ءمیں اپنے عہد صدارت کے آغاز میں ٹرمپ نے ایران‘ لیبیا‘ صومالیہ‘ شام‘ یمن اور ابتدائی طورپر عراق اور سوڈان کے مسافروں کے داخلے پر بڑے پیمانے پر عائد کر دی تھیں۔ اس حکم کو فوری طورپر متعصبانہ قرار دیتے ہوئے امریکی عدالت میں چیلنج کیا گیا تھا‘ لیکن ٹرمپ کے سخت گیر امیگریشن مخالف ایجنڈے سمیت اس طرح کی پابندیاں ان کے حلقے میں انتہائی مقبول تھیں۔ صدر جو بائیڈن نے 2021ءمیں منصب صدارت سنبھالنے کے بعد پہلے ہی ہفتے میں اس پابندی کو واپس لے لیا تھا۔ وائٹ ہاﺅس کے ایک ترجمان نے کہا کہ بائیڈن کو اپنے پیش رو کی جانب سے غیر امریکی مسلمانوں پر عائد کی گئی گھٹیا پابندی کو ختم کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ سابق امریکی صدر ان کئی ری پبلکن امیدواروں میں شامل تھے جو حماس کے خلاف جنگ میں اسرائیل کیلئے غیر متزلزل حمایت کا عہد کرنے کیلئے بااثر یہودی عطیہ دہندگان کے اجتماع میں کھڑے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن