تمام جماعتوں سے رابطے ہیں، کوئی پسندیدہ نہیں: وزیر داخلہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں، ہمارے لئے کوئی پسندیدہ جماعت نہیں۔ جے یو آئی ‘ ن لیگ‘ پیپلز پارٹی کے دوستوں سے رابطہ ہے۔ 9 مئی واقعات میں ملوث افراد کیلئے گنجائش کم ہونی چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشن کی معاونت ہماری ذمہ داری ہے اسے پورا کریں گے۔ الیکشن کمشن آئینی ادارہ ہے اس کا احترام کرتے ہیں۔ الیکشن کمشن نے جتنی ٹرانسفر ‘ پوسٹنگ کا کہا ہم نے پورا کیا، ابھی بھی جو الیکشن کمشن کے احکامات ہیں پورا کریں گے۔ موجودہ آئی جی اسلام آباد پولیس بہترین کام کر رہے ہیں۔ میری خواہش ہے یہی آئی جی کام کرتے ر ہیں لیکن حکم ہے تو ماننا پڑے گا۔ موجودہ آئی جی نے بہت کام کیا ہے۔