• news

ترکیہ اسلامی دنیا کے استحکام کا سبب: شہباز شریف

اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنے بھائی صدر رجب طیب اردگان اور ترکیہ کے عوام کو جمہوریہ کے قیام کے 100سال مکمل ہونے پر دل کی گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں۔ سماجی رابطی کی ویب سائیٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں بڑی خوشی محسوس کررہا ہوں آج ہم مختلف شعبوں میں ترکیہ کی بھرپور کامیابیوں اور ترقی کی خوشیاں منارہے ہیں۔ ہم نے دیکھا کہ ان 100 برس کے دوران ترکیہ کے ہمارے بھائی بہنیں کئی آزمائشوں اور امتحانوں سے گزرے۔ بڑے بڑے بحران انہیں آگے بڑھنے سے روک نہیں سکے اور ان کے پختہ عزم نے مشکلات کو مواقع میں بدل دیا۔ عالمی سطح پر شدید اضطرابی ماحول میں بالخصوص جمہوری وخوش حال ترکیہ خطے اور اسلامی دنیاکے استحکام کا اہم سبب ہے۔ مشترک تاریخ وعقیدے پر مبنی ہمارا بھائی چارہ واضح کرتا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ ایک قوم ہیں جو دو ریاستوں میں آباد ہیں۔ میں ان تمام افراد کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے بانی کمال اتا ترک سے لے کر صدر رجب طیب اردگان تک ترکیہ کی ترقی کے لئے اپنا خون، پسینہ اور اشک بہائے ہیں۔ آنے والے 100 سال پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے، دوستی اور شراکت داری کی عظیم مثال بنیں گے۔ علاوہ ازیں سابق رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ وجیہہ قمر نے سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کیا۔ پارٹی صدر شہباز شریف نے وجیہہ قمر کو خوش آمدید کہا اور مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارک دی۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل عطاءاللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں وجیہہ قمر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور پارٹی منشور پر مکمل اعتماد کرتی ہوں، نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تاریخی کردار ادا کیا ہے، تعمیر کی قوت کا ساتھ دینا ہے، تخریب کی قوت نے ملک اور عوام کو نقصان پہنچایا۔ 

ای پیپر-دی نیشن