ایلون مسک کو غزہ کیلئے سیٹلائٹ سروس کی فراہمی سے روکا جائیگا:اسرائیل
تل ابیب (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیل نے اعلان کیا ہے کہ اس کی جانب سے سپیس ایکس کے سیٹلائٹ پر مبنی کمیونیکیشن سسٹم سٹار لنک کی سپورٹ غزہ کو فراہم کرنے سے روکا جائے گا۔ اسرائیل کے وزیر مواصلات شلومو کرہی نے کہا کہ ہم ایلون مسک کو سٹار لنک کے ذریعے انٹرنیٹ فراہم کرنے سے روکیں گے۔ اسرائیلی وزیر نے کہا کہ ایلون مسک کے فیصلے پر عملدرآمد روکنے کے لیے اسرائیل ہر ذریعہ استعمال کرے گا۔ شلومو کرہی کا دعویٰ تھا کہ حماس کی جانب سے سٹار لنک کو اپنی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے غزہ کا مواصلاتی نظام متاثر ہوا ہے جس کے باعث انٹرنیٹ اور موبائل فونز کی سروسز بند ہوگئی تھیں۔ اسی لیے ایلون مسک نے 28 اکتوبر کو سٹار لنک کے ذریعے غزہ میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔