امریکہ کو خوش کرنے کی بجائے نگران حکومت اپنا قبلہ درست کرے :علامہ ہشام الٰہی
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ امریکہ، اسرائیل کو خوش کرنے کی بجائے نگراں حکومتوں کو اپنا قبلہ درست کرنے کی ضرورت ہے۔ فلسطین پر قبضہ عالم کفر کی کوششیں ناکام ہوں گی۔ امریکہ اسرائیل بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کو بند کریں۔ او آئی سی کا اعلامیہ مایوس کن ہے۔ غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی وحشیانہ کاروائیوں کیخلاف پو را عالم اسلام کو ملت کفر کے مقابلے میں متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ اس وقت فلسطینی، کشمیری عوام صیہونی طاقتوں کے مظالم کا شکار ہیں۔ پاکستانی قوم کشمیر، فلسطین سمیت دنیا میں جہان بھی مسلمانوں پر ظلم و ستم و مظالم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ ان کے خلاف صدائے احتجاج کو بلند کرتی رہے گی۔ وہ گذشتہ روز جمعیت کے ذمہ داران حافظ عبید الرحمن ایڈو وکیٹ، عامر عبد اللہ، علی زیب،عمران مغل، محمدحامد، مولانا آصف الہٰی ظہیر، فوجی عمر فاروق، سلیم ساجد ربانی سے مرکزی دفتر میں ملاقات کررہے تھے۔ اس موقع پر ملکی موجودہ سیاسی، معاشی واقتصادی صورتحال کے علاوہ فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں پر کئے جانے والے بھارتی واسرائیلی مظالم کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔امن کا نام نہاد علمبردار امریکہ بھی اسرائیل کے ساتھ فلسطینیوں کے خون سے اپنے ہاتھ رنگین کررہا ہے۔ افغانستان میں جوتے کھا کر نہتے فلسطینیوں کا گھیراوکر نے والے عالمی غنڈے کا اسرائیل ہی قبرستان بنے گا۔