• news

آئی جی کا دورہ پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد ‘مشقوں کا معائنہ 

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد کا دورہ کیا۔پنجاب کانسٹیبلری جوانوں کے ٹریننگ امور بارے اہم اجلاس کی صدارت کی، پی ٹی ایس فاروق آباد میں ٹریننگ امور کا جائزہ لیا، اینٹی رائٹ جوانوں کی فیلڈ مشقوں کا معائنہ کیا ، اہلکاروں کے مسائل سن کر احکامات جاری کئے اور بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو انعامات سے بھی نوازا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز فاروق آباد آمد کے دورے کا آغاز یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھانے سے کیا،آئی جی پنجاب نے شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اور شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا، آئی جی پنجاب نے پی سی ہیڈ کوارٹرز پریڈ گراو¿نڈ میں اینٹی رائٹ فورس فارمیشنز مشقوں کا معائنہ کیا۔ ڈاکٹر عثمان نے جوانوں کو جدید لا اینڈ آرڈر کنٹرول ٹریننگ دلجمعی سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوںنے کہا کہ اینٹی رائٹ کورس پرتشدد مشتعل مظاہرین کے کنٹرول ، ہجوم کو منتشر کرنے سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے، پولیس ٹریننگ سکول فاروق آباد کا وزٹ بھی کیا، پرنسپل پی ٹی سی تنویر احمد طاہر نے تربیتی کورسز، جدید سہولیات اور ٹریننگ کے مختلف شعبوں بارے بریفنگ دی۔ ڈاکٹر عثمان انور کی زیر تربیت خواتین اور مرد اہلکاروں سے ملاقات، ٹریننگ و مسائل بارے آگاہی حاصل کی اورکہا کہ جدید پولیسنگ کےلئے کانسٹیبلری کی بہترین پیشہ وارانہ تربیت اولین ترجیح ہے۔ ویلفیئر کینٹین کا افتتاح بھی کیا ، ویلفیئر کینٹین پر زیر تربیت اہلکاروں کو حفظان صحت کے مطابق معیاری کھانا رعایتی نرخ پر دستیاب ہوگا۔ پنجاب کانسٹیبلری ہیڈ کوارٹرز میں تزئین و آرائش کے بعد تیار ہونے والے جدید آڈیٹوریم میں پی سی جوانوں سے ملاقات کی ، آئی جی پنجاب نے سپورٹس گالا، اینٹی رائٹ ڈرل مقابلوں، مختلف کیٹیگریز، غیر نصابی سرگرمیوں کے بہترین پرفارمرز کو تعریفی اسناد اور نقد انعامات دئیے۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں کانسٹیبل سے انسپکٹر لیول کے 200 سے زائد افسران و اہلکار شامل تھے۔ آئی جی پنجاب نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو شیلڈز ، ٹرافیوں، تعریفی اسناد اور نقد انعامات سے نوازا۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب کانسٹیبلری انتہائی حساس پوائنٹس پر سکیورٹی سمیت اہم فرائض سر انجام دیتی ہے، لہذا تمام جوان بھرپور محنت اور فرض شناسی کےساتھ ہائی الرٹ ہو کر فرائض ادا کریں، عوام الناس کےساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں ، مجرمان کے قلع قمع کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ پی سی اہلکاروں کے مسائل سنے ، ازالے کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔انہوںنے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، اہلکار کسی بھی مسئلے بارے مجھ سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ تقریب میں کمانڈنٹ پنجاب کانسٹیبلری ایڈیشنل آئی جی عمران ارشد اور ڈپٹی کمانڈنٹ ڈی آئی جی خرم شہزاد حیدر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن