گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام ‘پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے اتوار کے روز صوبہ بھر کے مسیحی عبادت گاہوں اور مسیحی شہریوں کی سکیورٹی کے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر کے گرجا گھروں میں مسیحی عباداتی دعائیہ پروگرام کے موقع پر پنجاب پولیس ہائی الرٹ رہی اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو گرجا گھروں کے سکیورٹی انتظامات بڑھانے کا حکم دیا تھا ، آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایس پیز، سپروائزری افسران گرجا گھروں، اہم مقامات کے سکیورٹی انتظامات خود چیک کریں، حساس گرجا گھروں پر پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز تعینات کئے جائیں، ڈولفن سکواڈ، پی آر یو، ایلیٹ ٹیمیں گرجا گھروں کے گرد موثر پٹرولنگ کریں۔ تعینات پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ رہیں، شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھیں، اور گرجا گھروں، مسیحی آبادیوں اورحساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں، علما کرام، مسیحی کمیونٹی، امن کمیٹیوں کے ارکان بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیں۔پنجاب پولیس نے مسیحی کمیونٹی سمیت اقلیتوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے میثاق سنٹرز قائم کئے ہیں جہاں مسیحی شہریوں سمیت تمام اقلیتی شہریوں کو ترجیحی خدمات مہیا کی جارہی ہیں۔