• news

پاکستان، بنگلہ دیش کل مدمقابل، حسن علی صحت یاب، قومی کرکٹرز کی پریکٹس

لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا ساتواں میچ کل31 اکتوبر بروز منگل کو بنگلہ دیش کے خلاف ایڈن گارڈن سٹیڈیم کولکتہ میں کھیلے گا ۔ میچ دن ڈیڑھ بجے شرو ع ہوگا۔ مسلسل چار شکستوں کے بعد قومی ٹیم کو سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلئے یہ میچ جیتنا بہت ضروری ہے۔ پاکستان اپنا آٹھواں میچ 4 نومبر کو نیوزی لینڈ جبکہ نواں اور آخری میچ 11 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔قومی کرکٹرز نے گزشتہ روز کولکتہ میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ کوچز کی زیر نگرانی باﺅلنگ ‘بیٹنگ ‘فیلڈنگ پر زور دیا ۔ٹیم مینجمنٹ نے بنگلہ دیش کیخلاف کامیابی حکمت عملی تیار کی اور کھلاڑیوں کو میچ جیتنے کیلئے گر سکھائے ۔ فاسٹ باﺅلر حسن علی کی صحت بہتر ہوگئی، وہ آج قومی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ میں حصہ لیں گے۔حسن علی چنئی میں بخار میں مبتلا ہوگئے تھے، جس کی وجہ سے وہ جنوبی افریقہ کےخلاف میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ترجمان پاکستان کرکٹ ٹیم کے مطابق حسن علی تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں جن کی پی سی بی میڈیکل پینل نگرانی بھی کر رہا ہے۔ حسن علی آج کولکتہ میں ٹریننگ سیشن کےلئے قومی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔ اوپننگ بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ میچز میں ہماری ٹیم غلطیاں زیادہ کر رہی ہے، ناکامیوں سے دباو¿ بھی بڑھ جاتا ہے۔کولکتہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ گھٹنے کی انجری لمبی چلتی ہے لیکن میڈیکل پینل کی محنت سے جلد فٹ ہوگیا۔ گھٹنے میں درد ہے لیکن پرانی والی انجری نہیں ہے۔ ہماری ٹیم کا ماضی کچھ ایسا ہی رہا کہ مشکل وقت میں اچھا کھیلتے ہیں۔ ٹیم نے محنت میں کمی نہیں کی، کھلاڑی خاصی محنت کر رہے ہیں۔ تینوں میچز جیتنے کی کوشش ہے۔ کھلاڑی بھی بہت دکھی ہیں۔ دکھ کی وجہ سے لوگ اپنا اظہار کر رہے ہیں اور ٹیم متحد ہے۔ کنڈیشنز اچھی ہیں، بیٹرز کےلئے تو بہت سازگار کنڈیشنز ہیں۔ شاہین اور حارث خود بہتر بتا سکتے ہیں انکے ذہن میں کیا چل رہا ہے۔ جب بھی شاہین اور حارث کےساتھ ہوتا ہوں تو اچھی کارکردگی دکھانے کی باتیں کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن