• news

عرس خواجہ نظام الدین ، بھارت نے 60 زائرین کے ویزے نہیں لگائے

لاہور (خالد بہزاد ہاشمی) سلطان المشائخ ‘ محبوب الٰہی‘ دہلی کے سلطان حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءکے 720 ویں پانچ روزہ سالانہ عرس مبارک کی تقریبات یکم پانچ نومبر بستی حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءنئی دہلی میں شروع ہو رہی ہیں۔ درگاہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاءکے سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے نوائے وقت میگزین کو فون پر بتایا کہ 102 پاکستانی زائرین کے ویزے لگ گئے ہیں جو کل صبح 31 اکتوبر کو لاہور واہگہ سے روانہ ہونگے اور امرتسر کے راستے بذریعہ ٹرین یکم نومبر کی صبح نئی دہلی پہنچیں گے۔ سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے بتایا 162 پاکستانی زائرین نے انڈین ایمبیسی میں پاسپورٹ جمع کرائے تھے جن میں سے ساٹھ زائرین کے پاسپورٹ نکال دیئے گئے، اب 102 زائرین عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کرینگے۔ ان کا قیام درگاہ شریف سے آٹھ کلومیٹر دور پہاڑ گنج ہوٹل میں ہو گا اور وہ آٹھ نومبر کو واپس پاکستان روانہ ہو جائیں گے۔ یاد رہے پاکستان سکھ اور ہندو یاتریوں کو ان کے مقدس مقامات کی زیارت کیلئے سال بھر سینکڑوں کی تعداد میں ویزے جاری کرتا رہتا ہے اور بھارتی حکومت ہر سال اجمیر شریف اور نئی دہلی میں حضرت خواجہ غریب نواز خواجہ معین الدین چشتی اجمیری اور حضرت محبوب الٰہی خواجہ نظام الدین اولیاءکے سالانہ عرس مبارک کے موقع پر روایتی تعصب‘ تنگ نظری کا مظاہر کرتا ہے۔ زائرین کی بڑی تعداد کے ویزے نہیں لگائے جاتے اور انہیں عین وقت تک مطلع نہیں کیا جاتا جبکہ زائرین کراچی اور دیگر دور دراز علاقوں سے بمشکل واہگہ بارڈر پہنچتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن