کرم: قبائل میں 6 روز سے جھڑپیں جاری‘ ہلاکتیں 20 ہو گئیں
پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے ضلع کرم کے مختلف مقامات پر قبائل کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ جھڑپوں میں مزید ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جھڑپوں کا سلسلہ 6 روز سے جاری ہے۔ جھڑپوں میں راکٹ اور مشین گن سمیت بھاری اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ اب تک جھڑپوں میں 20 افراد جاں بحق اور 41 زخمی ہو چکے ہیں۔ کشیدگی کے باعث ضلع کرم میں آمدورفت کے راستے اور انٹرنیٹ سروس تاحال بند ہے جبکہ مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قلت پیدا ہو گئی۔ اس کے علاوہ جھڑپوں کے باعث تعلیمی ادارے بند اور کاروبار زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جھڑپیں رکوانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ہنگو اورکزئی سے آئے جرگہ ممبران مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کی کوشش کر رہے ہیں۔ فائربندی اور مورچوں پر فورسز کی تعیناتی اولین ترجیح ہے۔ صدہ‘ پالیس خیل‘ بوشہرہ ڈنڈا‘ مقبل گنج‘ علیزئی‘ پیواڑ اور تری مینگل علاقوں میں مذاکراتی عمل جاری ہے۔