• news

جماعت اسلامی کو اسرائیلی مظام کے خلاف مظاہرے سے روکنا انتہائی تکلیف دہ: زبیر احمد ظہیر

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ انتہائی دکھ اور تکلیف کی بات ہے کہ ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے جماعت اسلامی کو مظلوم فلسطین کی حمایت، اسرائیل کے وحشیانہ ظلم و جبر اور درندگی کے خلاف مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی بلکہ فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کے کیمپ اکھاڑے، راہنماو¿ں اور کارکنوں کو گرفتار کیا اور ان پر تشدد کرتے رہے۔ ہم حکومت کے اس بد ترین فعل اور پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وہ اسلامی جمہوری اتحاد کی سپریم کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے اپنے تمام عہدیداروں اور کارکنوں کو انتخابات کی مکمل تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ہم اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے نشان فٹبال پر ملک بھر میں اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ کس قدر حیرت کی بات ہے کہ لوگ بھوک اور افلاس سے خودکشیاں کر رہے ہیں ، مظلوم فلسطینیوں پر قیامت گزر رہی ہے اور ہمارے حکمران قومی خزانے کو ناچ گانے کی محفلوں پر برباد کر رہے ہیں۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اسلام دشمن اور فلسطین مخالف پالیسیوں سے باز آجائے۔ ناچ گانے کا فیسٹیول فوری طور پر ختم کیا جائے اور جماعت اسلامی کے تمام راہنماو¿ں اور کارکنوں کو رہا کیا جائے اور پاکستان میں جہاں بھی فلسطین کے حق میں مظاہرہ ہو اس میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کیا جائے بلکہ پورا تعاون اور تحفظ فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کی جائے۔ اگر حکومت نے اپنی غلط روش نہ بدلی تو پاکستان کے غیرت مند 25 کڑوڑ مسلمان سڑکوں پر ہوں گے پھر اس کے تمام نتائج کی ذمہ داری حکمرانوں پر ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن