سینئر فلم ڈائریکٹر حسن عسکری انتقال کر گئے
لاہور(نوائے وقت رپورٹ ) لاہور میں سینیئر فلم ڈائریکٹر حسن عسکری انتقال کرگئے۔خاندانی ذرائع کے مطابق حسن عسکری پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے اور شیخ زاید ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔حسن عسکری 23 جنوری 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، ان کا شمار لالی وڈ کے مایہ ناز فلم ڈائریکٹرز اور رائٹرز میں ہوتا ہے۔ انہوں نے فنی کیرئیر کا آغاز 1972 میں فلم خون پسینہ سے کیا، ان کی مشہور فلموں میں وحشی جٹ، گنڈاسہ، سلاخیں، بسنتی، طوفان، جنت کی تلاش، دل کسی کا دوست نہیں، آگ، تیرے پیار میں، میلہ اور دیگرشامل ہیں۔ حسن عسکری نے اپنی فلموں کے ذریعے سلطان راہی سمیت کئی فنکاروں کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔ نگران صوبائی وزیرعامرمیر نے ڈائریکٹرحسن عسکری کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا حسن عسکری کی فلم انڈسٹری کیلئے خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتاہوں۔