طبی آلات‘ ریفریجریٹڈ ٹرکوں کی فراہمی پر امریکہ کے شکرگزار ہیں‘ ڈاکٹر جمال ناصر
لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر کو ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے امریکہ کی طرف سے حکومت پنجاب کےلئے سات ریفریجریٹڈ ٹرکوں اور آکسیجن آلات کا تحفہ پیش کیا گیا۔امریکی حکومت نے یہ آلات پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کو آکسیجن کی فراہمی کا نظام بہتر بنانے کےلئے مہیا کئے ہیں۔یہ عطیات پنجاب میں ویکسین کی ترسیل کےلئے کولڈ چین کے نظام کو مضبوط بنانے میں معاون ہونگے۔ تقریب میں یو ایس قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز، کنٹری ڈائریکٹر کمونکس ڈاکٹر محمد طارق اور ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر الیاس گوندل نے شرکت کی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے طبی آلات کی فراہمی پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کے دوران امریکی حکومت کی عملی معاونت سے محکمہ صحت پنجاب کی وبائی امراض سے نپٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں طبی سہولتوں کی بہتری کےلئے امریکی حکومت کا تعاون پاک امریکہ تعلقات کی مضبوطی کا عکاس ہے۔ یو ایس ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر نے کہا کہ کرونا کے آغاز سے ہی یو ایس ایڈ پنجاب حکومت کےساتھ ملکر اسکے خاتمے اور قیمتی جانیں بچانے کےلئے سرگرم عمل ہے۔