استحکام پاکستان پارٹی کی عوامی رابطہ مہم شروع‘ ورکرز کنونشن کا شیڈول جاری
لاہور ( نیوز رپورٹر‘نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے اہم رہنماو¿ں کا اہم اجلاس صدر عبدالعلیم خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں پارٹی رہنماو¿ں نے خانیوال کے کامیاب جلسہ کے انعقاد پر بھرپور اطمینان اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان کو مبارکباد پیش کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ جہانیاں کی طرح پنجاب کے دیگر اضلاع میں ہونے والے ورکرز کنونشن اسی طرح کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے دیگر اضلاع میں ورکرز کنونشن کے شیڈول کے حوالے سے بتایا کہ 26نومبر کو کامونکی میں،3دسمبر کو قصور جبکہ 17 دسمبر کو لیہ میں استحکام پاکستان پارٹی کے عوامی اجتماع ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کامونکی کا کنونشن رانا نذیر احمد کی سربراہی میں ہوگا جبکہ 3نومبر کو آئی پی پی حافظ آباد میں بڑا کنونشن کرے گی۔ اس کے علاوہ نارووال، جھنگ، ساہیوال اور فیصل آباد میں بھی پارٹی کے ورکرز کنونشن ہوں گے۔ سیکرٹری اطلاعات آئی پی پی پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کا کہنا تھا کہ آئی پی پی نے عوامی رابطہ مہم کا کامیاب آغاز کر دیا ہے، عوام آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں سے بیزار ہو چکے ہیں اور اب ملک میں حقیقی معنوں میں تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 3 نومبر کو حافظ آباد میں بھی خانیوال سے بڑا سیاسی اجتماع ہو گا جس کو عوام کی بھرپور تائید اور حمایت حاصل ہوگی۔