امریکی ریاست فلوریڈا میں فائرنگ کا واقعہ، 2 افراد ہلاک، 18 زخمی
فلوریڈا (این این آئی)امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر ٹمپا میں اتوار کی صبح ہالووین تہوار کے دوران کلبز اور بارز کے اطراف میں فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ افراتفری کے عالم میں لوگوں کا ہجوم درجنوں گولیوں کی آواز کے ساتھ سڑکوں پر دوڑ رہا ہے، ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس سڑک کنارے زخمیوں کی مدد کرنے کے لیے دوڑ رہی ہے۔یہ تصاویرگزشتہ برس سیول میں ہیلووین تہوار کے دوران بھگدڑ مچنے سے تقریبا 160 لوگوں کی ہلاکت کی غمگین یاد دہانی کے طور پر سامنے آئی۔پولیس کا کہنا تھا کہ تاریخی شہر یبور کے پڑوس میں صبح 3 بجے کے قریب 2 گروپوں کے درمیان لڑائی شروع ہوئی، جہاں سیکڑوں لوگ سڑکوں پر جمع تھے۔جیسے ہی فائرنگ شروع ہوئی لوگ اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگے اور کلبز اور بارز بند کردیے گئے۔ٹمپا پولیس کی رپورٹ کے مطابق ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دو گروپوں کے درمیان تصادم فائرنگ تک بڑھ گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقعے پر ہی ہلاک ہوگیا، اور 19 زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے مزید بتایاکہ ایک اور متاثرہ شخص کی موت ہسپتال میں واقع ہو ئی، ٹمپا پولیس چیف لی برکاو¿ کا کہنا تھا کہ ہمارے تفتیشی افسران واقعے کے ملزمان کو کیفر کردار تک پہچانے کے لیے پر عزم ہیں۔بعدازاں ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے دیگر مشتبہ حملہ آور وں کی تلاش جاری ہے۔