• news

احسن بھون گروپ نے میدان مار لیا، شہزاد شوکت صدر سپریم کورٹ بار منتخب

لاہور (نیوز رپورٹر) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات میں احسن بھون گروپ نے میدان مار لیا ہے۔احسن بھون گروپ کے شہزاد شوکت صدر سپریم کورٹ بار اور علی عمران سید سیکرٹری منتخب ہوگیے۔ وکلا نے احسن بھون اور اعظم نذیر تارڑ کے حق میں نعرے لگائے اور جشن منایا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کے نتائج آئے تو وکلا نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور بھرپور جشن منایا ، احسن بھون گروپ کے صدارتی امیدوار غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار کو شکست دے کر منتخب ہو گئے اور سیکرٹری کی نشست پر علی عمران سید نے سلمان منصور منصور کو شکست دیدی۔احسن بھون گروپ کے شہزاد شوکت 467 ووٹوں کی لیڈ سے جیت گئے۔شہزاد شوکت نے کل 1710ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے،حامد خان گروپ کے امیدوار عبدالقدوس 1243ووٹ لے سکے جبکہ احسن بھون گروپ کے علی عمران سید سیکرٹری سپریم کورٹ منتخب ہوگئے علی عمران سید نے حامد خان گروپ کے سلمان منصور کو72ووٹوں سے شکست دی، علی عمران سید 1445ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے سلمان منصور 1373ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔اس موقع پرنو منتخب صدر شہزاد شوکت کا کہنا تھا کہ یہ میری جیت نہیں ملک بھر کے پروفیشنل وکلا کی جیت ہے ، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے سپریم کورٹ اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔سربراہ گروپ احسن بھون نے کہا کہ ہم گروپ کے ناراض رہنماو¿ں کو دعوت دیتے ہیں وہ اپنے گھر واپس آ جائیں۔ انہوں نے کہا آج پروفیشنل وکلا کی جیت ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ حتمی نتائج کا اعلان تین نومبر کو ہوگا۔اسلام آباد سے خصوصی رپورٹر کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے سال 2023-24کے سلسلہ میں ملک بھر کے دیگر پولنگ سٹیشنوں کے ساتھ اسلام آباد میں بھی پو لنگ ہوئی ،نائب صدر بلوچستان کی نشست پر لیاقت علی ترین نے 155،محمد ایواز زہری نے132 اور نصیب اللہ خان کاسی نے261 ووٹ حاصل کئے ہیں، نائب صدر کے پی کے کی نشست پر نیلم عذرا خان نے 316 جبکہ تہمینہ محب نے230 ووٹ حاصل کئے ہیں, نائب صدر پنجاب کی نشست پر علیم بیگ چغتائی289 اور عمر حیات سندھو نے 264 ووٹ حاصل کئے ہیںجبکہ نائب صدر سندھ کی نشست پر عابدہ پروین چنر نے 28 محمد صفدر کھوکھر نے 138 صفی علی خان نے 53 اور سمیعہ فیض درانی نے318 ووٹ حاصل کئے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری کی نشست پر احمد اورنگزیب خان نے283 اور شہباز کھوسہ نے 285 ووٹ لئے ہیں جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر علی احمد خان رانا نے ,28ریاض حسین نے160 اور رفاقت اسلام نے373 ووٹ حاصل کئے ہیں ۔

ای پیپر-دی نیشن