• news

فوری انتخابات کرائے جائیں، مسلم لیگ ن آج سے امیدواروں سے درخواستیں طلب

لاہور+اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+اپنے سٹاف رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کا نوازشریف کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا۔ مسلم لیگ (ن) نے بھی ملک میں فوری انتخابات کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ مسلم لیگ (ن) نے آج یکم نومبر سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے لئے درخواستیں طلب کر لیں۔ دس نومبر تک پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواستیں لی جائیں گی۔ فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے چار نومبر کو شریف میڈیکل سٹی میں خصوصی جنرل کونسل رکھ لی۔ احسن اقبال نے میڈیا کو بریفنگ میں کہا کہ سب کو پتہ ہے نوازشریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، اب عدالتیں جھوٹے کیسز کا ازالہ کریں، فوری طورپر آئین کے تحت جنوری کے آخری ہفتے میں الیکشن ہونے چاہئیں، حتمی اعلان الیکشن کمشن کرے گا، کئی جماعتیں ہماری بدترین مخالف تھیں لیکن قومی معاملات پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے پی ٹی آئی کا نام لئے بغیر آئندہ عام انتخابات میں لیول پلیئنگ کے سوال پر تین سوال سامنے رکھ دیئے، بولے کہ وہ کون سے لقمان حکیم و افلاطون نے مشورہ دیا تھا کہ وہ تحریک عدم اعتماد کے بعد اپوزیشن بینچوں کے بجائے استعفے دے کر باہر آئے اور کے پی کے و پنجاب اسمبلی حکومت سے دستبردار ہوگئے۔ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بددعا نہیں دی، بلکہ کہا تھا کہ جس نے ہمیں جھوٹ کا سہارا لے کر بند کیا وہ بھی اس سیل میں بند ہوگا، تو انہیں جھوٹ کی سزا مل گئی۔ علاوہ ازیں نواز شریف نے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں سے ملاقات کرنے اور ملکی مسائل کے لیے مشترکہ جدوجہد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں معاشی اور سیاسی صورت حال اور آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ احسن اقبال نے بتایا کہ (ن) لیگ ملک میں مضبوط معیشت اور جمہوریت دیکھنا چاہتی ہے، سیاست دان اپنے اور ملک کے مسائل کا حل خود ہی نکال سکتے ہیں۔ اس وقت ملک کو معاشی گرداب سے نکالنے کیلئے مستحکم حکومت ضروری ہے، ماضی میں جس طرح نواز شریف نے چلینجز سے نجات دلائی ویسے ہی اب وہ پاکستان کو مسائل کے دلدل سے نکالیں گے۔ اجلاس میں غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی مذمت بھی کی گئی۔ سینیٹر عرفان صدیقی کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو آئندہ عام انتخابات کیلئے منشور تیار کرے گی۔ پارٹی مرکزی اور صوبائی پارلیمانی بورڈ الیکشن سیل قائم کرے گی۔ نواز شریف دس نومبر سے ملک بھر میں دوروں کا آغاز کریں گے۔ نواز شریف ٹکٹوں کی تقسیم کیلئے پارلیمانی بورڈ کی نگرانی خود کریں گے۔ نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے کہا کہ اگر اﷲ نے پھر سے اقتدار دیا تو انصاف کے اداروں کو مضبوط کریں گے۔ نواز شریف نے عرفان صدیقی کو مسلم لیگ (ن) کی منشور کمیٹی کا سربراہ مقرر کرتے ہوئے کہا کہ یہ منشور عوامی مسائل اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق ہونا چاہیے اور اس میں انصاف کے نظام میں اہم اور بنیادی اصلاحات تجویز کی جانی چاہئیں تاکہ عام آدمی کو سستا، فوری اور بے لاگ انصاف مل سکے۔

ای پیپر-دی نیشن