• news

اسلام آباد ہائیکورٹ: افغان شہری ڈی پورٹ کرنے سے روکنے پر جواب طلب

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے افغان شہری کو ملک سے ڈی پورٹ کرنے سے روکنے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک جواب طلب کر لیا۔ افغان شہری کا موقف ہے کہ حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاءکا فیصلہ کیا تھا ان کے پاس مہاجر کارڈ ہونے کے باوجود ملک سے نکلنے کا کہا جا رہا ہے۔ عدالت عالیہ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے انخلاءکیلئے حکومتی ڈیڈ لائن مکمل ہونے پر افغان شہری کی درخواست پر سماعت کی۔ جہلم کے رہائشی افغان خاندان نے اداروں کی طرف سے دئیے گئے انخلا کے نوٹس کے خلاف درخواست میں فریقین کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دئیے۔ سماعت کے دوران درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت پاکستان کے نوٹیفکیشن کے مطابق صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپس اپنے ملک جانے کا کہا گیا ہے۔ درخواست گزار اور اس کی اہلیہ کے پاس مہاجر کارڈ موجود ہے، سنے بغیر اداروں کو کوئی سخت ایکشن لینے سے روکا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن