جرم ثابت نہ ہونے پر 665 کلو چرس کیس کے ملزم بری
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت ) انسدادمنشیات کی خصوصی عدالت کے جج راجہ جوادعباس حسن کی عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر 665 کلو گرام چرس کیس میں نامزد دو ملزمان کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔گذشتہ روز تھانہ کسٹم میں درج مقدمہ کی سماعت کے دوران ملزمان عبدالکریم اور علی رحمن کی جانب سے راجہ دانش اکبر ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیاکہ کسٹم حکام ملزمان کے خلاف کیس ثابت نہیں کرسکے، سرکاری گواہان کے بیانات میں بھی کھلا تضاد ہے، نہ ہی موقع پر کسی قسم کی کاروائی ہوئی، سرکاری گواہان کے بیانات بھی اس قابل نہیں کہ ملزمان کو سزا دی جاسکے، فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے دونوں ملزمان کو بری کرنے کا حکم سنادیا۔ملزمان پر ٹرک میں665 کلو گرام چرس گردہ بلوچستان سے پنجاب سمگل کرنے کا الزام تھا۔