فرانس: نقاب پوش خاتون اللہ اکبرکا نعرہ لگانے پر پولیس کی فائرنگ سے زخمی
پیرس (نوائے وقت رپورٹ) فرانس کے دارالحکومت کے میٹرو سٹیشن پر نقاب پوش عورت نے اللہ اکبر کا نعرہ لگانے کے بعد مسافروں سے بلند آواز میں کہا تم میں سے کوئی یہاں محفوظ نہیں جس پر پولیس نے خاتون کو گولیاں کا نشانہ بنا ڈالا۔ نقاب پوش خاتون نے زور زور سے اللہ اکبر کے نعرے لگائے اور خود کو دھماکے سے اڑانے کی دھمکی بھی دی جس پر خوفزدہ مسافروں نے پولیس کو کال کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے ایک گھنٹے تک خاتون کو گرفتاری دینے کیلئے مذاکرات کئے لیکن خاتون کے تعاون نہ کرنے پر مسافروں کی حفاظت اور اپنے دفاع میں مجبوراً ہمیں گولیاں چلانا پڑیں۔ خاتون کو آٹھ گولیاں لگیں جو زیادہ تر ان کے پیٹ پر لگیں۔ بی بی سی کے مطابق پولیس نے انکشاف کیا تلاشی پر خاتون کے پاس سے کوئی بارودی مواد نہیں ملا ۔ 38 سالہ خاتون کو 2021ء میں بھی حساس اداروں اور تفصیلات کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دینے پر حراست میں لیا گیا تاہم تفتیش کے دوران خاتون کے نفسیاتی امراض میں مبتلا ہونے کا پتہ چلا تھا۔