فلسطین پر بحث کا تیسرا روز، وزیر خارجہ بدستور غیر حاضر
ایوان بالا کے اجلاس کا تیسرا روز فلسطینیوں کی حمایت میں جذباتی تقاریر، اراکین کی جانب سے تنخواہیں امدادکرنے کی تجویز، اراکین کی شکایات کے باوجود نگران وفاقی وزیر خار جہ جلیل عباس جیلانی اجلاس کے تیسرے روز بھی غیر حاضر رہے۔ منگل کے روز قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شریک نہ ہوئے۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے غزہ میںاسرائیلی مظالم کو ”شیم فار ورلڈ“ قرار دے دیا۔ فلسطینیوں کے حق میں سینیٹر دنیش کمار نے جذباتی تقریر کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی ایک سال کی تنخواہ فلسطینیوں کیلئے امداد دینے کیلئے تیار ہوں تمام اراکین بھی سال کی تنخواہ دیں جبکہ ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی آپ بڑے کاروباری ہیں، آپ ایک کروڑ دینے کا اعلان کریں۔ سینیٹر شیری رحمان نے بھی ایک ماہ کی تنخواہ امداد کرنے کی تجویز دی۔ اجلاس کے دوران سینیٹر مشاہد حسین سید اور سینیٹر پلوشہ خان زیادہ وقت کاغذات پر لکھنے میں مصروف رہے جبکہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کو مشاہد حسین سید نے ”شیم فار مسلم“ کہا ہے لیکن میں اسے ”شیم فار ورلڈ“ کہوں گا۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے بعد ڈپٹی چیئرمین مرزا محمد آفریدی نے اجلاس کی کارروائی چلائی اور بعد ازاں اجلاس آج دن دس بجے تک ملتوی کر دیا۔