• news

لیسکو مزید 224، فیسکو میں 34 بجلی چور پکڑے گئے، 2 ارب 26 کروڑ روپے ریکور

فیصل آباد‘ ننکانہ‘ لاہور (نمائندہ خصوصی + نامہ نگار + این این آئی) بجلی چوری اور نادہندگان کیخلاف جاری کریک ڈا¶ن میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لیسکو میں مزید 224 جبکہ فیسکو میں 34 بجلی چور پکڑے گئے ہیں۔ اس مہم میں اب تک لیسکو اور فیسکو میں 2 ارب 26 کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کر لی گئی ہے۔ تفصیل کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف جاری مہم میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 222ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دائر کردی گئیں جبکہ 21 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان لیسکو کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل9، زرعی 7 ، انڈسٹریل 1اور207 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز کو منقطع کرکے ان کو 2لاکھ 91ہزار 301 ڈیٹکشن یونٹس جاری کئے گئے۔ اب تک کل 21210ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ 10897ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 4کروڑ 35لاکھ 33ہزار 765یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت ایک ارب 88کروڑ 48لاکھ 45ہزار 718روپے بنتی ہے۔ ننکانہ صاحب میں واپڈا کا بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، 912بجلی چوروں کے خلاف مقدمات درج، 661بجلی چور گرفتار ہوئے۔ بجلی چوروں کو 12لاکھ 89 ہزار 318 یونٹس ڈیٹیکشن بل ڈالے گئے اور بجلی چوروں کو 6 کروڑ 39 لاکھ 48 ہزار 358 روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔ واپڈا نے نادہندگان سے 3 کروڑ 57 لاکھ 64 ہزار 663 روپے کے بقایا جات وصول کئے ہیں۔ فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید 34بجلی چوروں کو پکڑلیا جو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان بجلی چوروں کو 67ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 24لاکھ 93ہزار سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ تمام بجلی چوروں کے کنکشنز منقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کردی گئی ہیں۔ ضلع فیصل آباد میں اب تک 1100بجلی چوروں کو 29 لاکھ 56ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 13 کروڑ 76لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیسکو ریجن میں اب تک رننگ ڈیفالٹرز سے12کروڑ 26لاکھ سے زائد جبکہ مستقل نادہندگان سے اب تک 37کروڑ 91لاکھ سے زائد کے واجبات وصول کرلئے گئے ہیں۔ فیسکو کے نادہندگان میں گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین شامل ہیں۔ دوسری طرف مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر ایک ماہ کے دوران فیصل آباد میں مجموعی طور پر 261 نادہندگان کے کنکشن منقطع کردئیے جبکہ 56 لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن