• news

انضمام الحق کے مستعفی ہونے پر تحقیقاتی کمیٹی کا کام شروع

لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر انضمام الحق کے استعفے اور تحقیقات کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی نے کام کا آغاز کر دیا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ تحقیقات جلد مکمل کرنے کا خواہش مند ہے اور تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر تحقیقات مکمل کرنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل کرنے کے بعد کمیٹی اپنی رپورٹ اور سفارشات مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاءاشرف کو جمع کرائے گی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی میں اینٹی کرپشن اینڈ ویجیلنس یونٹ کے کرنل خالد، کرنل اختر، ڈائریکٹر میڈیا عالیہ رشید، لیگل ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے اور آڈیٹر فنانس شامل ہیں۔واضح رہے کہ پی سی بی نے ٹیم کے انتخاب کے عمل اور مفادات کے ٹکرا کے حوالے سے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔یاد رہے کہ انضمام الحق کا ایک کمپنی کے ساتھ شیئر ہولڈر ہونے کا معاملہ سامنے آیا تھا اور اس معاملے پر کمیٹی کی تشکیل سے پہلے ہی انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن