• news

مہنگائی 1.88، برآمدات 0.66فیصد بڑھ گئیں، تجارتی خسارہ 34.7 فیصد کم: ادارہ شماریات

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں گزشتہ ماہ اکتوبر میں مہنگائی میں 1.08 فیصد اضافہ ہوا اور یہ شرح 26.89 فیصد رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق جولائی سے اکتوبر تک مہنگائی کی شرح 28.48 فیصد رہی۔ اکتوبر میں شہروں میں مہنگائی میں 1.07 فیصد اضافہ ہوا جبکہ ایک ماہ میں دیہات میں مہنگائی میں 1.10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک ماہ میں پیاز 38.7 فیصد اور دیگر سبزیاں 17.7فیصد مہنگی ہوئیں جبکہ پھل 6.4 فیصد مہنگے ہوئے۔ اکتوبر میں انڈے 6 فیصد مہنگے ہوئے ایک ماہ میں بجلی چارجز 8.2 اور شادی ہال کا کرایہ 5.4 فیصد بڑھ گئے۔ سالانہ بنیادوں پر مسالے 84.5 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ ایک سال میں چینی 69.9، آٹا 63.3، چاول 62.2 فیصد مہنگے ہوئے۔ ایک سال میں درسی کتب 85 فیصد مہنگی ہوئیں، ایک سال میں گیس 62.8 اور بجلی چارجز 50.6 فیصد بڑھ گئے جبکہ ایک سال میں ادویات 36.6 فیصد اور موٹر فیول 30.8 فیصد مہنگا ہوا۔دوسری طرف مالی سال 24-2023 کے ابتدائی 4 ماہ میں برآمدات 0.66 فیصد اضافے سے 9 ارب 16 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں۔وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر کے عرصے کے دوران برآمدات میں گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 0.66 فیصد اضافہ ہوا۔اس عرصے کے دوران درآمدات میں مالی سال 23-2022 کے مقابلے میں 18.54 فیصد کمی آئی اور درآمدات کا حجم 17 ارب 3 کروڑ ڈالر رہا۔ تجارتی خسارہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 34.70 فیصد کمی سے 7 ارب 41 کروڑ 60 لاکھ ڈالر رہا۔ ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر میں ملکی برآمدات ستمبر کے مقابلے میں 9.33 فیصد اضافے سے 2 ارب 70 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں، جبکہ درآمدات کا حجم 20.33 فیصد بڑھ کر 4 ارب 80 کروڑ ڈالر ہوگیا۔ اکتوبر میں تجارتی خسارہ ستمبر کے مقابلے میں 38.27 فیصد اضافے سے 2 ارب 9 کروڑ ڈالر رہا۔ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2022 کے مقابلے میں اکتوبر 2023 کی برآمدات 13.55 فیصد درآمدات 4.91 فیصد زائد رہیں جبکہ اکتوبر 2022 کے مقابلے میں اکتوبر 2023 کا تجارتی خسارہ 4.46 فیصد کم رہا۔

ای پیپر-دی نیشن