الیکشن عوام کو مشکلات سے نکالنے کیلئے لڑنا ہے: شہباز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) شہباز شریف نے کہا ہے کہ پارٹی نے انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے اور یہ الیکشن ہم نے عوام اور ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لئے لڑنا ہے۔ سابق رکن قومی اسمبلی احسان الحق باجوہ اور برطانوی وکیل عنصر محمود نے شہباز شریف سے الگ الگ ملاقات کیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی رہنماو¿ں اور کارکنوں نے بڑے جذبے سے کام کیا۔ معیشت بحال اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانی ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کا مستقبل روشن کریں گے۔ ملک سے مہنگائی کے اندھیرے دور کریں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی قیمتی اثاثہ اور ہمارا فخر ہیں۔ معاشی بحالی اور ملکی ترقی کے لئے اوورسیز پاکستانی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ادھر احتساب عدالت کے جج ملک علی ذوالقرنین نے آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف و دیگر ملزموں کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ فیصلہ 7 نومبر کو سنایا جائے گا۔ عدالت نے احد خان چیمہ کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ نیب پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ نے موقف اختیار کیا کہ ریکارڈ کے مطابق ملزمان پر جرم ثابت ہونے کا امکان نہیں، انویسٹی گیشن رپورٹ کی فائنڈنگز سے اتفاق کرتا ہوں۔