• news

پنجاب میں سموگ ایمرجنسی نافذ، انڈیا میں فصلوں کی باقیات جلانا وجہ ہے: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں سموگ کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق کئی گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔ انسداد سموگ اقدامات کے لئے حکومت اور ماہرین سر جوڑ کر بیٹھے۔ ماہرین ماحولیات نے سموگ سے متعلق اجلاس میں بریفنگ میں بتایا کہ سکولوں میں چھٹی اور ٹرانسپورٹ بند کرنے سے فرق نہیں پڑے گا۔ پنجاب بھر میں سموگ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ایک ماہ کے لئے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں طلبا و طالبات کیلئے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا و طالبات کی صحت کے لیے ماسک لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عوام سے بھی اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزراءکو آج سے سرکاری و نجی سکولوں کے وزٹ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کی تعمیر کے دوران مٹی، ریت اور ملبہ پر چھڑکاو¿ نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سموگ کے دوران کاشتکاروں کے خلاف چالان واپس لینے کا حکم دیا۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔ سموگ میں کمی کے لئے ہر مناسب اقدام اٹھایا جائے۔ تمام متعلقہ محکمے فعال طریقے سے انسداد سموگ کے لئے کام کریں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے رات گئے کیولری گراو¿نڈ پولیس چوکی کا اچانک دورہ کیا۔کیولری گراو¿نڈ چوکی بند، مال مقدمہ کے موٹرسائیکل اور دیگر سامان لاوارث اور کوئی سکیورٹی اہلکار موجود نہ تھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے پولیس چوکی کی صورتحال پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ ڈی آئی جی اور ایس پی کینٹ کو فوری طور پر طلب کر لیا اور موقع پر آنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی علی الصبح خالد بٹ چوک انڈر پاس پہنچ گئے۔ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے مزدوروں سے مصافحہ کیا، کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا‘ انڈر پاس پراجیکٹ کے فنشنگ کے کاموں کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ انڈرپاس رواں ماہ کے وسط تک ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ آفس میں چین کے قونصل جنرل ژاو¿ شیرین (Mr.Zhao Shiren) نے ملاقات کی جس میں سموگ کے خاتمے کیلئے باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں سموگ سے نمٹنے کے لئے بیجنگ اکیڈمی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے ٹیکنیکل معاونت حاصل کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور میں چینی کمپنی کے اشتراک سے ایئرکوالٹی مانیٹرنگ سسٹم لگایا جائے گا۔ ملاقات میں پنجاب اور چین کے ماحولیاتی امور کے ماہرین کے فوری رابطوں پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے چینی قونصل جنرل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سموگ سے نمٹنے کے لئے چین سے ٹیکنیکل معاونت اور جدید آلات کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ سموگ کے خاتمے کے لئے طویل المدتی پالیسی اختیار کررہے ہیں۔ لاہور میں سموگ کا بڑی وجہ انڈیا میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلا نا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی طرز پر پنجاب میں بھی ٹورسٹ پولیس قائم کی جارہی ہے۔ ژاو¿ شیریں نے کہا کہ حکومت پنجاب سموگ کے خاتمے کے لئے قابل قدر اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب میں اینٹوں کے بھٹوں میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت دیگر اقدامات قابل ستائش ہیں۔ لاہور میں ڈپلومیٹک انکلیو قائم کرنے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ملاقات میں لاہور چڑیا گھر کے لئے پانڈا لانے کیلئے چینی حکومت سے رابطہ کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے جیلانی پارک میں ”لہور لہور اے“ ثقافتی میلے کے تحت چائے فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میلے میں لگائے گئے چائے کے سٹالز دیکھے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹی فیسٹیول کے انعقاد کی کاوش کو سراہا۔ محسن نقوی چائے کے ہر سٹال پر گئے اور منتظمین سے گفتگو کی۔ محسن نقوی نے سٹالز پر موجود شہریوں سے مصافحہ کیا اور ٹی میلے کے بارے میں پوچھا۔ شہریوں نے ٹی میلے کے انعقاد کی تعریف کی۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ساتھ سیلفیاں لیں اور تصویریں بنوائیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فیملیز کے ساتھ آئے بچوں کے ساتھ شفقت کا اظہار کیا۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ جیسا وزیراعلیٰ پاکستان کی خوش قسمتی ہے۔ آپ نے کام کر کے دکھایا ہے اور آپ کی سپیڈ کے سب معترف ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن