ڈیتھ سکواڈز کے تذکرہ میں بی این پی مینگل‘ اختر مینگل کا نام نہیں لیا: وزیر داخلہ
اسلام آباد (خبر نگار) سینٹ میں نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ انہوں نے ڈیتھ سکواڈزکے تذکرہ میں بی این پی مینگل اور سردار اختر مینگل کا کہیں نام نہیں لیا۔ اختر مینگل پچھلے پانچ سال کے دوران حکومتوں کا حصہ رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت میں رہتے ہوئے یہ مسئلہ کیوں نہیں اٹھایا اور حل کرایا۔گزشتہ روز سینٹ کے اجلاس میں سینیٹر محمد قاسم کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھی بی این پی مینگل پر الزام عائد نہیں کیا۔ بی این پی مینگل نے لاپتہ افراد اور ڈیتھ سکواڈ کے معاملے پر دھرنا دیا۔ عبدالقدوس بزنجو کی وزارت اعلی کے دور میں بلوچستان حکومت کا بھی غیر اعلانیہ حصہ رہے، پی ٹی آئی کے اتحاد ی رہے، پی ڈی ایم کی حکومت میں بھی شامل رہے ، اس وقت جو فورمز تھے انہیں لاپتہ افراد کے مسئلے کو اٹھانے کے لئے استعمال کرنا چاہیے تھا۔