گوگل نے ڈوڈل ”انکل سرگم “کے نام کردیا
لاہور ( این این آئی) دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل پاکستان کے مشہور پپٹ ”انکل سرگم “کے نام کردیا۔انکل سرگم کے نام سے فاروق قیصر نے ایک پتلی کا کردار تخلیق کیا تھا جو کئی دہائیوں تک ٹی وی اور ریڈیو پر نشر ہونے والے مقبول پپٹ شو کا مرکزی کردار تھا۔ فاروق قیصر نے انکل سرگم کو اپنی آواز دی تھی۔ فاروق قیصر معروف رائٹر، فنکار، صحافی، پپٹ میکر، کارٹونسٹ اور استاد تھے۔گوگل نے فاروق قیصر کی فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں ان کی 78ویں سالگرہ پر اپنے ڈوڈل کو انکل سرگم میں تبدیل کردیا۔ گوگل کے آئیکون پر کلک کرتے ہی پرانی طرز کی ٹی وی اسکرین سامنے آتی ہے جس میں انکل سرگم ہاتھ اٹھائے کچھ معنی خیز بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی ایک اور مقبول کردار ماسی مصیبتے بھی بیٹھی ہیں۔ڈوڈل پر کلک کرنے سے فاروق قیصر(انکل سرگم)سے متعلق معلومات دکھائی دینے لگتی ہیں۔ فاروق قیصر 31اکتوبر 1945ءکو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گریجویشن نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے کی جبکہ اسی مضمون میں ماسٹرز رومانیہ سے کیا اور اس کے بعد کیلیفورنیا کی یونیورسٹی سے ابلاغیات کی ماسٹر ڈگری حاصل کی۔فاروق قیصر نے 70کی دہائی میں فنی زندگی کا آغاز کیا۔ ابتدا میں انہوں نے ریڈیو اور پی ٹی وی کے لیے خاکے لکھے تاہم انہیں 1976ءمیں ”انکل سرگم “کے کردار سے شہرت ملی۔