غزہ میں انسانیت کا قتل عام جاری‘ صورتحال پر ہر ذی شعور رنجیدہ: گورنر پنجاب
لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے لمز یونیورسٹی نیشنل انکیوبیشن سینٹر لاہور میں "تعبیر" پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ غزہ کی موجودہ صورتحال پر ہر ذی شعور انسان رنجیدہ ہے۔ معصوم فلسطینی شہریوں کا بہیمانہ قتل دراصل انسانیت کا قتل عام ہے۔ غزہ میں شہری آبادیوں اور ہسپتالوں پر بمباری کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتیں تکلیف دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام انسان ایک دوسرے کے ساتھ انسانیت کے رشتے میں جڑے ہوئے ہیں۔ تمام دنیا کے ممالک کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر غزہ میں معصوم شہریوں، عورتوں اور چھوٹے بچوں کے قتل عام کو روکنے میں کردار ادا کریں۔ تعبیر پراجیکٹ کا مقصد یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کو ہنرمند بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں انکیوبیشن سنٹر ایک بہترین اقدام ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ انکیوبیشن سنٹر کا مقصد نوجوانوں کو نئے کاروبار کے لیے ضروری وسائل، رہنمائی اور مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے کاروبار کے لیے موزوں ماحول پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ہمارا ایک بہترین اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں چھوٹے کاروبار کے انیشی ایٹو (Initiative) کی حوصلہ افزائی سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی ہو گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کو خوشحال اور مستحکم بنانا قوم کے ہاتھ میں ہے اور ہمیں مل کر وطن عزیز کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر نیشنل انکیوبیشن سنٹر نعمان ظفر نے ماضی اور حال میں شروع کئے گئے منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ تقریب میں امریکن ڈپٹی چیف آف مشن آنڈریو شوفر، امریکن قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنز اور اکنامک قونصلر جان لیٹون کے علاوہ وائس چانسلر لمز ڈاکٹر طارق جدون، پرو وائس چانسلر عبدالرزاق داد، ڈائریکٹر نیشنل انکیوبیشن سنٹر نعمان ظفر نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہاﺅس لاہور میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے قمر ریاض خان کی قیادت میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی بیرون ملک پاکستان کے سفیر ہیں اور انہیں ملک و قوم کا مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اوورسیز پاکستانی ترسیلات زر بھیج کر ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا حکومت کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بنایا گیا۔