گلگت بلتستان کا 76 واں یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا گیا
گلگت (نامہ نگار) پاک فوج کے زیراہتمام 76 واں یوم آزادی گلگت بلتستان نہایت جوش و خروش سے منایا گیا۔ تقریب میں مہمان خصوصی کمانڈر10 کور لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز، گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ ، وزیر اعلی جی بی حاجی گلبر خان اور کمانڈر ایف سی این اے میجر جنرل کاشف خلیل (ستارہ جرات) اور دیگر حکومتی اور سول اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ پریڈسے خطا ب کرتے ہوئے لیفٹننٹ جنرل شاہد امتیاز نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام اور بہادر فوجیوں نے جنگ آزادی گلگت بلتستان کے بعد بھی1965ء،1971ءاور 1999ءکے معرکہ کارگل میں وطن عزیز کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے دفاع میں ناقابل فراموش کارنامے سر انجام دئیے اور ملک کی مضبوطی اور استحکام کیلئے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا۔ پاک فوج، این ا یل آئی سینٹر ،جی بی سکاﺅٹس ، ویمن پولیس، جی بی پولیس، پنجاب رینجرز، ایس سی او، کیڈٹ کالج سکردو اور کیڈٹ کالج چلاس کے دستوں نے پریڈ میں حصہ لیا۔ رنگا رنگ تقریب میں جی بی سمیت پورے پاکستان کے کلچر کو پیش کیا گیا۔ بعدازاں وہاب شہید پولوگراو¿نڈ میں پولو میچ ہوا۔ جی بی کی تاریخ کا پہلا میچ تھا جو رات کو منعقد کیا گیا۔