فیسکو، لیسکو ریجنز: مزید 37بجلی چور گرفتار، کروڑوں روپے جرمانہ
کامونکی لاہور فیصل آباد ( نمائندہ خصوصی+ این این آئی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 201 ملزم بجلی چوری کرتے پکڑے گئے، 199کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں دائر کردی گئیں جبکہ 15 اور کامونکی سے 3، فیسکو ریجن سے 22 کو گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں کمرشل3، زرعی 2 اور207 ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز کو منقطع کرکے ان کو ایک کروڑ 22لاکھ 26ہزار 538روپے جرمانہ کیا گیا۔ باٹا پور کے علاقے میں ملزم کو1000000 روپے، بھکی کے علاقے میں ملزم کو 369560روپے ،قلعہ گجر سنگھ میں بجلی چور کو 200000 روپے ، گڑھی شاہو میں کنکشن کو 200000 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق 54 روز کے دوران کل22446 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، اب تک کل 21386 ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں اور کل 10961 ملزموں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کو اب تک 4کروڑ 34لاکھ 27ہزار 507یونٹس چارج کئے گئے جن کی مالیت ایک ارب 88 کروڑ 29لاکھ 74ہزار 718 روپے ہے۔ فیسکو ریجن سے مزید 22 بجلی چور پکڑے گئے۔ صدر ایمن آباد اور واہنڈو پولیس نے گیپکو کے ایس ڈی اوز تنزیل ممتاز عزیز احمد سلیمی اور طلال ارشد کی درخواستوں پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والے ٹبہ محمد نگر کے عمیر کوٹلی متولیاں کے محمد وارث اور ڈھلانوالی کے محمد عاصم کیخلاف مقدمات در کر کے گرفتار کر لیا گیا ۔