تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد لال حویلی شفٹ ہوں گا‘ شیخ رشید
لاہور( این این آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لال حویلی کھل گئی ہے جس میں تبلیغی اجتماع میں شرکت کے بعد شفٹ ہو جاﺅں گا،میرا 80 فیصد سامان، ٹیلی فون اور پیسے واپس کر دئیے گئے ہیں، امید ہے باقی 20 فیصد سامان بھی واپس کر دیا جائے گا۔اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ الحمداللہ میری کارڈک کی رپورٹ کافی حد تک تسلی بخش ہے اور اب میری سرجری نہیں ہو رہی، یہ سب آپ کی دعاﺅں کا نتیجہ ہے۔انہوںنے کہا کہ لال حویلی کو جسٹس مرزا وقاص رﺅف کے حکم پر کھول دیا گیا ہے جس کی تزئین و آرائش کے بعد 6 نومبر کو میں لال حویلی شفٹ ہو جاﺅں گا، رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جا رہا ہوں اور 5 تاریخ کی دعا کے بعد 6 تاریخ کو ان شا اللہ لال حویلی میں موجود ہوں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ میرا 80 فیصد سامان، ٹیلی فون اور پیسے واپس کر دئیے گئے ہیں، امید ہے باقی 20 فیصد سامان بھی واپس کر دیا جائے گا، میری تمام مقدموں میں ضمانت ہے اور میرے چلے کے دوران اگر کوئی کیس بنایا گیا ہے تو وہ میرے علم میں نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ میں اعتزاز احسن، سردار لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور خاص طور پر سردار عبدلرازق کا مشکور ہوں جنہوں نے 12 مقدمات میں میری ضمانت کروانے میں بغیر فیس کے کلیدی کردار ادا کیا، فردا فردا سب کا شکریہ ادا کرنے ان کے گھروں میں بھی جاﺅں گا۔شیخ رشید نے کہا کہ آج کی اہم ترین بات سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کو معطل کرنے سے انکار کر دیا ہے جو کہ بڑی اہم بات ہے۔