• news

افغان ناظم الامور کی ملاقات، کراسنگ پوائنٹ پر خواتین، بچوں کو بائیومیٹرک سے استثنیٰ حاصل ہو گا: وزیر داخلہ

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی سے افغان ناظم الامور سردار احمد شکیب نے ملاقات کی ملاقات میں دوطرفہ امور اور افغان شہریوں کی اپنے وطن واپسی کے حوالے سے گفتگوکی گئی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہدایات جاری کی ہیں کہ اپنے وطن واپس جانے والوں کے ساتھ انتہائی عزت و احترام کے ساتھ پیش آیا جائے۔ پروف آف رجسٹریشن اور افغان سٹیزن کارڈ کے حامل افراد کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی۔ اس سلسلے میں کسی کوتاہی اور بدتمیزی کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزارت داخلہ میں اس ضمن میں کنٹرول سینٹر اور ہیلپ لائن قائم کردی گئی ہے۔ افغان سفارتخانہ ایک نمائندہ مقرر کرے، جو شکایات کے فوری حل کیلئے کنٹرول سنٹر سے ہمہ وقت رابطہ میں رہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کراسنگ پوائنٹس پر سہولت کیلئے خواتین اور بچوں کو بائیومیٹرک سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن