• news

مقبوضہ کشمیر: ریاستی دہشتگردی جاری، مزید 4 نوجوان گرفتار، 3 حریت پسندوں کی جائیدادیں قرق

سرینگر (نوائے وقت رپورٹ)بھارتی فورسز نے شمالی کشمیر میں4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے ۔ بھارتی فورسز نے محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران ضلع بارہ مولاکے علاقے کنزر میں لوگوں کو ہراساں کیا اور 2 نوجوانوں الطاف احمد راتھر اور فاروق احمد نقیب کو گرفتار کرلیا۔اس سے قبل ڈانگر پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران 2 نوجوانوں غلام حسن میر، مختیار احمد خان کو گرفتار کیا گےا۔گرفتاریوں کا جواز پیش کرنے کے لیے، نوجوانوں کو مجاہد تنظیموں کا رکن قرار دیا ہے جبکہ بھارتی حکومت نے تےن کشمیری حرےت پسندوں کے گھروں کو قرق کر لیا ہے۔کشمیری حرےت پسند تنظیم حزب المجاہدین کے سابق چیف آپریشنل کمانڈر ریاض نائیکو نے کولگام میں شہادت سے قبل ثنا اللہ میر کے گھر پر قےام کیا تھا۔ کمانڈر ریاض نائیکو کو گھر میں ٹھہرانے پرثنا اللہ میر کے گھر کو قرق کر لیا گےا ہے ۔ ریاض نائیکو مئی 2020 میں بھارتی فورسز سے جھڑپ میں شہید ہوگئے تھے ۔40 سالہ ریاض نائیکو حزب المجاہدین کے چیف آپریشنل کمانڈر تھے اور انھیں 2016 میں شہید والے کمانڈر برہان وانی کا جانشین سمجھا جاتا تھا۔پولیس نے ریاض نائیکو کے سر پر 12 لاکھ روپے کا انعام رکھا تھا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں این آئی اے عدالت نے غےر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام قانوں یو اے پی اے کے تحت ، ثنا اللہ میر ، آزاد احمد تیلی اور عبداللہ میر کے رہائشی مکان کو قرق کرنے کا حکم دیا تھا۔کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 6نومبر کو یوم شہدائے جموںاس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ وہ شہدا کے مشن کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خود اراداریت کے حصول تک جاری رکھیں گے۔ ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز ، بھارتی فوجیوں اور ہند و انتہا پسندوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں نومبر 1947کے پہلے ہفتے میں پاکستان ہجرت کرنے والے لاکھوں کشمیری مسلمانوں کو شہید کردیاتھا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں نے کہا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خونریزی مسلسل جاری ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں سلیم زرگر، یاسین عطائی، خواجہ فردوس، جاوید احمد میر، اقبال میر اور امتیاز ریشی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 76برس سے حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزورکرنے میں ناکام رہا ہے۔حریت رہنماﺅں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن