سینٹ: نیب ترمیمی آرڈیننس میں 120 دن توسیع کی قرارداد منظور
اسلام آباد (خبر نگار) سینٹ نے نیب ترمیمی آرڈیننس میں 120 دن توسیع کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کر لی ہے۔ چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینٹ کے اجلاس میں نگران وزیر قانون عرفان اسلم نے نیب ترمیمی آرڈیننس میں توسیع کی قرارداد پیش کی۔ جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے نیب ترمیمی آرڈیننس میں توسیع کی مخالفت کی۔ کامران مرتضیٰ نے کہا کہ آرڈیننس میں توسیع بغیر سوچے سمجھے کی گئی۔ آج سپریم کورٹ میں طے ہو گیا صدر انتخابات کی تاریخ دینے میں ناکام رہے۔ اب صدر کا استعفیٰ بنتا ہے۔ سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے سینٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں خراب کی گئی چیزوں کو اب درست ہونا چاہئے۔ مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا۔ ازخود نوٹس پر کئی فیصلے متنازع ہیں۔ پانامہ ان میں سے ایک ہے۔ قرارداد پیش کرنے پر پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر نے اعتراض کیا کہ سپریم کورٹ نے نیب آرڈیننس مسترد کر دیا ہے پھر آج اسے کیوں پیش کیا جا رہا ہے۔ اس پر (ن) لیگ کے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے۔ یہ ہمارا اختیار ہے ہم اسے پاس کریں گے۔مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینٹ میں قائد ایوان اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سینٹ میں ملاقات کی جس میں معیشت، افغان مہاجرین کا معاملہ او رآئی ایم ایف کے سٹینڈ بائی اریجمنٹ پر بات چیت کی گئی۔