• news

گڈ گورننس، حکومتی کارکردگی کے احتساب میں ذرائع ابلاغ کا کلیدی کردار: وزیراعظم

اسلام آباد لاہور (خبر نگار خصوصی+ سپورٹس رپورٹر) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گڈ گورننس اور حکومتی کارکردگی کے احتساب میں ذرائع ابلاغ کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے حقوق کا تحفظ بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ امید ہے کہ ذرائع ابلاغ غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کے ذریعے جمہوریت کے استحکام میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی، سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور پرنسپل انفارمیشن آفیسر موجود تھے۔ وفد میں چیئرپرسن پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن شکیل مسعود، سیکرٹری جنرل پی بی اے میاں عامر محمود، سینئر وائس چیئرمین میر ابراہیم رحمن اور طاہر خان شامل تھے۔ ملاقات میں ملک میں ذرائع ابلاغ خصوصاً الیکٹرانک ذرائع ابلاغ کے مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے وزیراعظم کو اشتہارات کے ضمن میں حکومت کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے مسئلے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وفد کو اشتہارات کے واجبات کی ادائیگی کا یقین دلایا اور وزارت اطلاعات و نشریات کو اس مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ذرائع ابلاغ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہے اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے حقوق کا تحفظ بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور ذرائع ابلاغ کے م¶ثر اور مربوط رابطے سے عوام حکومتی پالیسیوں اور اقدامات سے باخبر رہ سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے وفد کو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کی میڈیا کے ذریعے آگاہی بڑھانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈالر کی قدر میں حالیہ کمی، سمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک اور دیگر اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ دریں اثناء نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی میں اساتذہ کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں میں بہتری تب ہی آ سکے گی جب تجربہ کار اساتذہ ان کی سرپرستی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے استاد نثار احمد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے کہا تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں نظم و ضبط کی تربیت ان کی کردار سازی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ قائد اعظم نے بھی ایمان اور اتحاد کے ساتھ ساتھ نظم وضبط کی تلقین کی تھی کیونکہ صرف ایک منظم قوم ہی اپنی اور دنیا کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتی ہے۔ علاوہ ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے مابین ہونے والی ملاقات میں کرکٹ کی بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سابق کپتان نے کھیل میں بہتری کیلئے اپنی تجاویز دیں۔ اس موقع نگران وزیراعظم نے شاہد آفریدی کو کرکٹ کی بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کو کہا، جس پر شاہد آفریدی نے بورڈ میں ذمہ داریاں سنبھالنے کے حوالے سے سوچ کر جواب دینے کو کہا۔

ای پیپر-دی نیشن