• news

انتخابات کی تاریخ کا اعلان خوش آئند، ن لیگ، پی پی، متحدہ

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ خبر نگار) مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم سمیت تمام سیاسی جماعتوں نے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ پیپلز پارٹی، متحدہ اور تحریک انصاف نے یہ بھی کہا کہ سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنا چاہئے ورنہ الیکشن پر سوالیہ نشان ہوگا۔ تفصیل کے مطابق خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کی تاریخ آنا خوش آئند ہے۔ مسلم لیگ (ن) الیکشن کیلئے تیار ہے۔ الیکشن کمشن اور صدر ایک ہی پیج پر ہیں۔ کوئی کنفیوژن یا رکاوٹ تھی بھی تو وہ بھی دور ہو گئی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے ہو۔ بصورت دیگر انتخابات پر سوالیہ نشان ہوگا۔ رہنما پی پی پی نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ اصولی طور پر 90 دن میں الیکشن ہونا چاہئے تھا۔ 90 دن میں الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن جوابدہ ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے آئینی عہدے پر بیٹھ کر آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 18 ماہ میں سکندر سلطان راجہ نے چار بار آئین کی پامالی کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حامد خان نے پی ٹی آئی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا شکوہ کر دیا۔ حامد خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو سیاسی مہم سے روک دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سیاسی جماعتوں سے ہمیشہ بات ہو سکتی ہے۔ ابھی پی ٹی آئی کے ساتھ ظلم و جبر ہو رہا ہے۔ ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے سب کو مساوی مواقع دینے کا مطالبہ کیا۔ اے این پی رہنما زاہد خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی نیت میں فتور ہے۔ انتخابات میں تاخیر کرنا چاہتے ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر جہانگیر اشرف وینس نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ملک میں عام انتخابات کرانے کی تاریخ مقرر کرنے کے فیصلے کو سراہا اور کہا ہے کہ فیصلہ احسن فیصلہ ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ فروری میں ملک میں سخت سردی اور پہاڑی علاقوں میں برف باری ہوتی ہے عام انتخابات کے ٹرن آ¶ٹ پر سرد موسم اثر انداز ہوسکتا ہے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان محمد تابش نے کہا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ انتخابات کی تاریخ کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتی ہے۔ ہم خدمت کی سیاست کی بنیاد پر اس ملک کو خوشحال بنائیں گے۔ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ملک بھر سے انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔

ای پیپر-دی نیشن