غزہ صحافیوں کا مقتل بن گیا، صحافتی تنظیم نے معاملہ عالمی عدالت میں اٹھا دیا
نیویارک (آئی این پی)غزہ صحافیوں کیلئے حالیہ دور کا سب سے بڑا مقتل بن گیا ، اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک غزہ میں 34صحافی مارے جا چکے ہیں ، رواں برس جنوری سے اب تک دنیا بھر میں مارے جانے والے صحافیوں کی تعداد 37ہے،بین الاقوامی صحافتی تنظیم رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز نے غزہ میں صحافیوں کے خلاف جاری جنگی جرائم کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں اٹھا دیا، صحافتی تنظیم کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں 50 سے زیادہ میڈیا عمارتوں پر جان بوجھ کر بمباری کی ہے،رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز کاکہنا ہے کہ اسرائیل حماس جنگ کے آغاز سے اب تک 34صحافی جان کی بازی ہارے جن میں 12اپنی ڈیوٹی پر جبکہ 10غزہ ، ایک اسرائیل اور ایک لبنان میں مارا گیا ،تنظیم کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں صحافیوں کے تحفظ کی ضمانت دینے سے بھی انکار کر دیا جبکہ میڈیا کو نشانہ بنانا جنگی جرم ہے،صحافتی تنظیم کی جانب سے غزہ میں جنگی جرائم کی یہ تیسری شکایت عالمی عدالت انصاف میں درج کروائی گئی ہے،صحافتی تنظیموں اور عرب میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج جان بوجھ کر صحافیوں کو نشانہ بنا رہی ہے تا کہ میڈیا کو خاموش کیا جا سکے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے جاری نسل کشی کا دنیا کو پتا نہ چل سکے۔