• news

صدر الیکشن کمشن میں انتخابات کی تاریخ پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا: ذرائع

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عام انتخابات کی تاریخ کے حوالے سے صدر اور الیکشن کمشن حکام کے درمیان مشاورت کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔ ذرائع کے مطابق صدر اور الیکشن کمشن حکام کی ملاقات میں انتخابات کی تاریخ پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔ الیکشن کمشن نے عام انتخابات کیلئے گیارہ فروری کی تاریخ کی تجویز دی، صدر عارف علوی نے انتخابی عمل مکمل ہونے کے فوری بعد چار فروری کو الیکشن کرانے کا کہا، اتفاق رائے نہ ہونے پر درمیانی تاریخ کی تجویز دی گئی جس پر اتفاق ہوا صدر نے عدالتی فیصلے کی روشنی میں چار فروری کی تجویز دی تھی۔ صدر چار فروری اور الیکشن کمشن گیارہ فروری کو انتخابات کرانے پر بضد تھا، اتفاق رائے نہ ہونے پر الیکشن کمشن حکام ایوان صدر سے واپس آ گئے۔ اٹارنی جنرل بیچ کی راہ نکالنے کیلئے ایوان صدر سے الیکشن کمشن پہنچے، اٹارنی جنرل الیکشن کمشن حکام سے ملاقات کے بعد واپس ایوان صدر گئے۔ صدر سے دوبارہ مشاورت کے بعد عام انتخابات کیلئے آٹھ فروری کی تاریخ پر اتفاق ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن