• news

قونصل جنرل کی ملاقات، پاکستان امریکہ کے تعلقات بہترین: محسن نقوی

 لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ محسن نقوی سے امریکی قونصل جنرل مس کرسٹن کے ہاکنز نے ملاقات کی جس میںباہمی دلچسپی کے امور، مختلف شعبوں خصوصاً سموگ سے نمٹنے کے لئے اشتراک کار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سرمایہ کاری بڑھانے کے مواقع، زراعت، سیاحت، تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے تعاون بڑھانے کے لئے بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے امریکی قونصل جنرل سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں۔ پنجاب اور کیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹس قرار دینے کے معاہدے کے تحت دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ پنجاب میں تاریخی عمارتوں کی بحالی کے حوالے سے امریکی تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سموگ سے نمٹنے کے لئے دوست ملکوں کی تکنیکی معاونت چاہتے ہیں۔ ہمسایہ ملک میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلانے کے سبب لاہور اور دیگر شہروں میں سموگ میںبہت اضافہ ہوا ہے۔ جو کچھ انسانی بس میں ہے سموگ میں کمی کے لئے ہر وہ اقدام کیا جارہا ہے۔ امریکی قونصل جنرل نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی علی الصبح نواز شریف انٹرچینج بیدیاں روڈ پہنچ گئے اور انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے پیدل چل کر پورے انڈر پاس کا آخر تک معائنہ کیا اور فنشنگ ورک کا جائزہ لیا اور انڈرپاس کی اندرونی دیواروں پر ٹائلز لگانے کا کام دیکھا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے کے فنشنگ کے کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ نوازشریف انٹرچینج بیدیاں روڈ انڈر پاس کو چند روز میں ٹریفک کے کھول دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے میں 740 فیصد اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ امریکی ادارے ناسا کی مستند رپورٹ کے مطابق انڈین پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔ ناسا کی جاری کردہ تصویروں کے مطابق صرف ایک ہی دن میں فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں 740فیصد اضافہ انتہائی الارمنگ ہے۔ ناسا کی رپورٹ اور تصویریں بھارت کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو اتنے بڑے پیمانے پر جلانے سے سموگ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ لاہور میں سموگ میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات کو بڑے پیمانے پر جلانا ہے۔ سموگ سے بچاﺅ کیلئے عوام خاص طورپر بچوں اور بزرگوں کو ماسک استعمال کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن