• news

چیف الیکشن کمشنر سے متعلق پی ٹی آئی کا بیان بے بنیاد‘ حقائق کے منافی: ترجمان

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان الیکشن کمشن پاکستان نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمشن سے متعلق پی ٹی آئی ترجمان کا بیان بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔ پی ٹی آئی یاد رکھے 2022ءکے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمشن کی غیرجانبداری مثالی تھی۔ ان الیکشنز میں الیکشن کمشن نے انتہائی شفافیت کا ثبوت اپنے عمل سے پیش کیا۔ ضمنی انتخابات کی شفافیت کو ہر سطح پر سراہا گیا۔ پی ٹی آئی یاد رکھے الیکشن کمشن اور چیف الیکشن نہ ان کے دور میں دباﺅ میں آیا نہ ابھی اور نہ آئندہ آئے گا۔ آئین و قانون کے تحت ذمے داریاں بغیر کسی دباﺅ اور بلا خوف و خطر سرانجام دیتے رہیں گے۔ افہام و تفہیم سے عام انتخابات کی تاریخ مقرر ہو گئی تو ایسا بیان ماحول خراب کرنے کی ناکام کوشش ہے۔ الیکشن کمشن جیسے آئینی ادارے کو ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے دباﺅ میں نہیں لایا جا سکتا۔ بہتر ہے پارٹی الزامات لگانے کی بجائے اپنی توجہ عام انتخابات کی تیاری پر مرکوز رکھے۔ الیکشن کمشن آئندہ انتخابات آئین اور قانون کے تحت منصفانہ اور شفاف کروانے کو یقینی بنائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن