غیرقانونی مقیم تارکین کی واپسی میں تیزی، ہولڈنگ مراکز بڑھادیئے، افغان ناطم الامور کا دورہ
اسلام آباد فیصل آباد فیرو زوالہ (نوائے وقت رپورٹ‘ نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگار) ملک میں دستاویزات کے بغیر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے عمل میں تیزی کیلئے مزید سرحدی مراکز قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ پناہ گزینوں کی واپسی کیلئے سہولیات بڑھا دی گئی ہیں۔ غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر عبدالناصر نے کہا کہ طورخم کے شمال مغربی سرحد کراسنگ میں جہاں سے بیشتر مہاجرین افغانستان میں داخل ہو رہے ہیں‘ سہولیات تین گنا بڑھا دی گئی ہیں تاکہ واپس جانے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ فیصل آباد میں پاکستانی پٹھانوں کیساتھ ناروا سلوک کیخلاف پختون نیشنل پیپلز موومنٹ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ضلع کونسل چوک میں ہونے والے پرامن احتجاج میں پختون نیشنل پیپلز موومنٹ کے صدر دولت خان، چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل خان، آزاد خان، دریا خان، قادر خان و دیگر ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرن نے مطالبہ کیا کہ افغان مہاجرین کی آڑ میں پکڑ دھکڑ اور ہراساں کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ فیرزو والہ پولیس نے جی ٹی روڈ کی آبادی پٹھان کالونی فیروز والا میں غیر قانونی مقیم افراد کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔ اس سلسلے میں پولیس نے مساجد میں اعلانات کروا دیئے ہیں جبکہ ان کے خلاف کریک ڈا¶ن کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع میں گرفتار 29 غیرقانونی افغانیوں کو ہولڈنگ سنٹرز منتقل کردیا گیا۔ کراچی کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق مختلف علاقوں سے 2 روز میں 600 غیرقانونی غیرملکی افراد کو حراست میں لیکر حاجی کیمپ میں واقع سہولت مرکز پہنچا دیا گیا ہے۔ پاکستان میں تعینات افغان سفیر سردار احمد سکیب نے پنڈی میں ہولڈنگ سنٹر کا دورہ کیا‘ افغان شہریوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے افغان شہریوں کی منتقلی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ نگران وزیراطلاعات بلوچستان سے کوئٹہ میں تعینات افغان ناظم الامور گل حسن نے ملاقات کی۔ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ روابط کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ جان اچکزئی نے غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کے انخلاءپر افغان ناظم الامور کو اعتماد میں لیا۔ جان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان ایک مہمان نوازملک ہے۔ افغان مہاجرین کی مہمان نوازی جاری رکھیں گے۔