خصوصی عدالت کی چیئرمین پی ٹی آئی کو آج واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کی اجازت
اسلام آباد (وقائع نگار) آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آج واٹس ایپ پر بیٹوں سے بات کرانے کی اجازت دے دی۔ گذشتہ روز شیراز احمد رانجھا ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست کی سماعت کے دوران موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت پہلے بھی چیئرمین پی ٹی آئی کو بیٹوں سے بات کرانے کی اجازت دے چکی ہے، ہفتہ کے روز بیٹوں سے واٹس ایپ پر بات کرانے کی خصوصی اجازت دی جائے۔ عدالت نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کی اجازت دے دی۔ یاد رہے کہ عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ہر ہفتہ کے روز بیٹوں سے بات کرانے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کرکے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے جواب طلب کررکھا ہے۔