• news

رائیونڈتبلیغی اجتماع: دنیا میں دل لگانے والے بھول میں، ابدی زندگی کی فکر کریں: علمائ

سندر (نامہ نگار) رائیونڈ بین الاقوامی سالانہ تبلیغی اجتماع کے دوسرے دن رو ح پرور مناظر، رائیونڈ وسیع و عریض اجتماع گاہ میں نیا شہر آباد ہو گیا۔ ہر لمحے شرکاء کی تعداد میں اضافہ ہو رہا، امسال 5لاکھ سے زائد اہل اسلام اللہ کی رضا کے لئے پہنچ رہے ہیں۔ حضرت مولانا احمد بٹلہ دامت برکاتہم العالیہ، حضرت مولانا ابراہیم دیلولہ آف انڈیا دامت برکاتہم العالیہ نے اپنے بیان میں کہا انسان کا دنیا میں آنے کا مقصد اللہ کی عبادت اور مخلوق خدا کی خدمت ہے، اللہ کو ناراض کرنے والا کبھی سکون میں نہیں رہ سکتا، دنیا میں دل لگانے والے بھول میں ہیں یہ زندگی ابدی اور اگلی زندگی کی فکر کریں۔ دولت، مال و زر سے جنت نہیں ملے گی۔ جمعہ کے خطبہ میں حضرت مولانا عبدالرحمان آف بمبئی انڈیا نے لاکھوں اہل اسلام سے اپنے بیان میں کہا کہ قرآن پاک میں قبر کا ذکر نہیں لیکن سارا دین قبر کے گرد گھومتا ہے، قبر کی فکر کریں قبر میں بہت اندھیرا ہے، روشنی ساتھ لیکر جانے لئے نماز کی شمع کو روشن کریں اور نماز کی فکر کریں، احکام باری تعالی کی پابندی اور اللہ کو راضی کرنے میں بھلائی ہے، قبر دین پر بنے گی۔ حشر دین پر، جنت دین پر عرش کا سایہ دین پر، اس لیے ہماری محنت کا محور اور مقصد اللہ کا دین ہے، اللہ نے دنیا کو دارالاسباب بنایا ہے۔ اللہ کو غرور پسند نہیں، عاجزی اختیار کرنے میں راحت ہے۔ سب سے بڑا عمل توبہ کا ہے، یہ عمل اللہ کو بہت پسند ہے کلمہ گو دنیا کے ساتھ ساتھ آخرت کی فکر بھی کرے۔ ہر انسان کو جنت میں لے جانے کی تڑپ اور فکر سینوں میں پیدا کرنا ہے۔ اجتماع کے پہلے مرحلے میں سب سے زیادہ اہل اسلام سندھ اور کے پی کے سے کارکنان نے شرکت کی۔ 2لاکھ سے زائد افراد سندھ اور بلوچستان کے علاقوں سے شریک ہوئے۔ گوادر سے خصوصی قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹرینوں کے ذریعے غیر ملکی مہمانوں کی آمد بھی جاری ہے۔ دوسری جانب جمعہ کے موقع پر مقامی آبادی کے علاوہ لاہور کے باسیوں نے بھی بڑی تعداد میں نماز جمعہ میں شرکت کی۔ نماز جمعہ کے موقع پر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد بھی عام عوام کے ہمراہ پنڈال میں موجود رہے اور نماز جمعہ ادا کی۔ اجتماع گاہ کی سکیورٹی انتظامات مزید سخت کردئیے۔ پہلے مرحلے میں تین ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات، پولیس افسران کا اجتماع گاہ کے اردگرد گشت کا سلسلہ جاری رہا۔ سلنڈر کی پابندی کی وجہ سے شرکاءکو کنٹین سے کھانا خریدنے میں دشواری کا سامنا رہا۔ جبکہ لیسکو چیئرمین نے اجتماع میں بجلی کی بلاتعطل سپلائی کو یقینی بنانے کی ہدایات کی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن