پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت، الیکشن میں حصہ لے سکتی ہے: مرتضیٰ سولنگی
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ الیکشن کے انعقاد میں کوئی ابہام نہیں، انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے بعد تمام شکوک و شبہات دور ہونے چاہئیں، ہم اس آئینی عمل کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کے تحت عوام ایک سیاسی حکومت منتخب کریں گے، الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کو برابر مواقع فراہم کرے گا، پچھلی حکومت کے قانونی و آئینی فیصلوں پر عمل درآمد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نجی ٹی وی کے پروگراموں میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ بڑی اور اچھی خبر یہی ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہو رہے ہیں، ہمیں پہلے سے یقین تھا کہ انتخابات ہو جائیں گے۔ انتخابات کے انعقاد میں صدر مملکت، سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن سب کا اتفاق رائے موجود ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان نے اس پورے عمل کی نگرانی کی ہے، سپریم کورٹ میں آج جو فیصلہ ہوا ہے، اس پر ہم سب کو خوش ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے اور یہ امر خوشی کا باعث ہے کہ ہم اس آئینی عمل کی جانب بڑھ رہے ہیں جس کے نتیجے میں عوام ایک سیاسی حکومت منتخب کریں گے۔ اگر کسی کو کوئی شکایت ہے تو الیکشن کمیشن سے رجوع کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام جماعتوں کو برابر مواقع فراہم کرے گا، آئین اور قانون کے تحت تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن مہم کے لئے 54 دن دیئے جائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر مطمئن ہوں کہ تمام جماعتوں کو برابر مواقع میسر ہیں۔ ریاستی میڈیا کا کوئی بھی فیورٹ نہیں، تمام سیاسی جماعتوں کو برابر کوریج دی جا رہی ہے۔ کسی کو ایسی جگہ جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے عوام کیلئے مشکلات پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام لوگ جو الیکشن لڑنے کے اہل ہوں گے، وہ الیکشن لڑیں گے، پی ٹی آئی ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، وہ الیکشن میں حصہ لے سکتی ہے، اگر کسی کا کوئی قانونی مسئلہ ہے تو نگران حکومت اس میں کچھ نہیں کر سکتی، یہ ہمارا کام نہیں ہے۔ ہمارے لئے پارلیمان سپریم ادارہ ہے، نیب کے حوالے سے ترامیم پارلیمنٹ نے کی تھیں۔ نجکاری کی فہرست نگران حکومت نہیں لائی، نجکاری کا فیصلہ پچھلی حکومت کر کے گئی ہے، پچھلی حکومت کے قانونی و آئینی فیصلوں پر عمل درآمد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگران حکومت نے ڈالر، آٹا، کھاد، چینی کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے، ہماری کوشش ہے کہ چیزوں کو مزید بہتر کریں، آج کئی سال بعد سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 53 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا ہے۔ وزیراعظم کا لمز یونیورسٹی میں جانا اچھا اقدام تھا، وزیراعظم نوجوانوں سے بات کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ دریں اثناءمرتضی سولنگی نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات بارے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں کرہ ارض کے لئے بڑا خطرہ ہیں، ہمیں معاشرے کے تمام طبقات کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات بارے آگاہی دینا ہوگی، پی ٹی وی میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کا قیام اس ضمن میں پہلا قدم ہے، پاکستان کے آئین میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن میں کلائمیٹ چینج ڈیسک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد، وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی سید آصف حیدر، پی ٹی وی کے ڈائریکٹر کرنٹ افیئرز عون ساہی و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری اطلاعات ظہور احمد نے کہا کہ کلائمیٹ چینج اور ڈیزاسٹر رپورٹنگ سپیشلائزڈ فیلڈز ہیں۔ وزارت موسمیاتی تبدیلی اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر پی ٹی وی کلائمیٹ چینج ڈیسک پر مامور عملہ کو تربیت بھی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کلائمیٹ چینج کی رپورٹنگ روزانہ کی بنیاد پر ایک سرگرمی ہے اور یہ آفات سے نمٹنے کی تیاری کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تیاری کے فقدان اور قبل از وقت وارننگ کے کمزور نظام کے باعث پاکستان میں قدرتی آفات سے ہونے والا نقصان ان ممالک سے کہیں زیادہ ہے جو قدرتی آفات سے نمٹنے کی پہلے سے تیاری کرتے ہیں۔