سپر سٹار نہیں سپر سسٹم کی ضرورت، امیروں سے پیسہ نکلوا کر غریبوں کو ریلیف دینگے، استحکام پاکستان پارٹی
حافظ آباد لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی آپس کی لڑائی سے ملک کو نقصان ہوا۔ پاکستانی عوام میں آج کل مایوسی اور ناا±میدی پائی جارہی ہے۔ بطور مسلمان ہمیں مایوس نہیں ہونا چاہئے۔ اللہ پر یقین رکھنا چاہئے۔ ہمیں ساری سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر چلنا ہے تاکہ ملک آگے بڑھنا ہے۔ ہمارے لئے سب سے اہم عوام ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وہ حافظ آباد کے نواحی قصبہ کولو تارڑ میں استحکام پاکستان پارٹی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کررہے تھے۔ ورکرز کنونشن کے میزبان سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں مامون جعفر تارڑ تھے۔ جبکہ دیگر مقررین میں استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان اور ترجمان ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان شامل تھے۔ پنڈال میں کارکنوں نے پارٹی قائدین کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔ تقریب کے آغاز میں فلسطینی مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ ہماری پاک فوج ہماری محافظ ہے جو ملک کی سلامتی کی ضمانت ہے، ہمیں اپنی پاک فوج پر فخر ہے۔ ہم عوام سے کوئی ایسا وعدہ نہیں کریں گے جسے ہم پورا نہ کر سکتے ہوں۔ عوام سے وہی وعدہ کریں گے جس کو پورا کرنے کی سکت رکھتے ہوں گے۔ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے سپر سٹار نہیں سپر سسٹم کی ضرورت ہے۔ ہم اقتدار میں آکر نوجوانوں کی مایوسی کو دور کریں گے اور ان کی ترقی کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔ ہم عوام کے علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کریں گے۔ تمام سرکاری سکولوں کا معیار پرائیویٹ سکولوں کے برابر ہوگا۔ سموگ کی صورت حال پر قابو پانے کیلئے آلودگی سے بچاو¿ کے لئے بہتر اقدامات کرنا ہوں گے۔ استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ تبدیلی سرکار کے دور میں جتنی کرپشن ہوئی کسی دور میں آج تک نہیں ہوئی۔ ہمیں شوکت خانم دکھا کر سب سے نالائق آدمی ہم پر مسلط کیا گیا۔ بزدار نالائق اور بے ایمان تھا جو آج کل اپنے علاقے میں بیٹھ کر آرام کررہا ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی عام انتخابات کے لیے تیار ہے اور ہم بھر پور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ہم مزدور کی کم از کم اجرت ماہانہ 50 ہزار روپے کریں گے، ساڑھے بارہ ایکڑ اراضی کے کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے مفت سولر دیں گے۔ جبکہ شہریوں کا 300 یونٹ تک بجلی کا بل حکومت ادا کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا پاکستان اور تبدیلی دیکھنی ہو تو بزدار اور فرح گوگی کے گھر جا کر دیکھیں۔ کیونکہ عام آدمی پر تبدیلی سرکار کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو خوشحال کر کے ملک کو خوشحال کیا جا سکتا ہے، اسی طرح نوجوان ہمارا کل ہیں۔ ہم پڑھے لکھے نوجوان کو اپنا کاروبار بہتر بنانے کیلئے بلا سود قرضے دیں گے، خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے۔ آزمائے ہوئے چہروں کو پہچانیں کیونکہ یہ ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور ہیں، ہم امیروں سے پیسہ نکلوا کر غریبوں کو ریلیف دیں گے، موٹر سائیکل سواروں کو پٹرول آدھی قیمت پر ملے گا۔ سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی اپنے منشور پر عمل کرے گی اور جہانگیر خان ترین اور عبدالعلیم خان ملک کو مشکلات سے نکالیں گے۔ آج استحکام پاکستان پارٹی نے حافظ آباد میں بھی تاریخ رقم کر دی ہے۔ وہ ناقدین جو کہتے تھے کہ یہ صرف لیڈروں کی پارٹی ہے عوام کی نہیں وہ آکر دیکھ لیں کہ کس طرح عوام کا رش یہاں موجود ہے۔ یہ شاہین پرو از کیلئے نکل پڑا ہے جو پاکستان کے روشن مستقبل اور ترقی وخوشحالی کی بنیاد بنے گا۔ جلسہ کے میزبان سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں مامون جعفر تارڑ نے کہا کہ آج جو کبوتر اڑا رہے ہیں ان کے جلد طوطے اڑ جائیں گے۔ ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاستدانوں کو اکٹھا ہونا چاہیے۔ ورکرز کنونشن میں عامر محمود کیانی، کرنل (ر) ہاشم ڈوگر، اسحاق خان خاکوانی، رانا نذیر احمد خان، ڈاکٹر مراد راس، عون چوہدری، شعیب صدیقی، اخلاق حسین اور سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی بھی اس موقع پر موجود تھے۔