ترقی کیلئے مثبت سوچ، سب ملکر ملک کو درست سمت میں لائیں: نواز شریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+نیوز رپورٹر) نواز شریف نے کہا ہے کہ سب مل بیٹھ کر ملک کو درست سمت میں لائیں۔ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو مثبت سوچ رکھنا ہوگی۔ (ن) لیگ اس وقت پاکستان کی بڑی سیاسی جماعت ہے۔ مسلم لیگ (ن) عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ عوام سب سمجھ اور دیکھ چکے۔ کسی ایسے شخص کو سامنے نہیں لانا جو افراتفری پیدا کرے۔ بہت جلد مسلم لیگ (ن) کی سرگرمیاں زور پکڑیں گی۔ ڈبل سپیڈ کا مطلب ملک کیلئے دن رات کام کرنا ہے۔ ملک ہے تو ہم ہیں۔ انشاءاللہ پاکستان کے اچھے دن شروع ہو چکے ہیں۔ عام انتخابات میں عوام کی مدد سے واپس آکر ملک کی خدمت کریں گے۔ نواز شریف نے جمعہ کی نماز رائیونڈ میں ادا کی۔ شہباز شریف سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے۔ نماز جمعہ کے بعد نواز شریف نے دیگر رہنماو¿ں کے ہمراہ فلسطین کی آزادی اور پاکستان کی ترقی اور خوش حالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ بعد ازاں میاں نواز شریف اور شہباز شریف نے اپنے والد، والدہ اور بیگم کلثوم نواز کی قبر پر بھی حاضری دی۔