5ترقیاتی سکیموں کیلئے 6ارب 74کروڑ 17لاکھ 85ہزار روپے کے فنڈز منظور
لاہو ر (کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2023-24کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پچیسویں اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی 5ترقیاتی سکیموں کیلئے مجموعی طور پر 6ارب 74کروڑ 17لاکھ 85ہزار روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو نے کی۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں جھنگ شہر میں جناح پارک کی تعمیر / بحالی کیلئے 86کروڑ 89لاکھ 15ہزار روپے، ضلع گوجرانوالہ میں نوشہرہ ورکاں تا حافظ آباد برآستہ نتھو سویا، بگے بشمول خان مسلمان بائی پاس تک کارپٹ روڈ کیلئے 1 ارب 27کروڑ 34لاکھ 1ہزار روپے، مری کیلئے برف باری صاف کرنے والی مشین اور گاڑیوں کی خریداری کیلئے 58کروڑ روپے، پنجاب کے شہروں میں ماحول دوست بسوں کی شمولیت کیلئے 3ارب 36کروڑ 70لاکھ روپے اور بی آر بی ڈی لنک کینال پر گیٹڈ ہیڈ ریگولیٹرز کی تعمیر کیلئے 1 ارب 12کروڑ 58لاکھ 70ہزار روپے شامل ہیں۔