فواد چودھری پھر گرفتار، اسد قیصر کو جیل بھجوا دیا گیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + نمائندہ نوائے وقت) سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری کو تھانہ آبپارہ میں درج ایف آئی آر کے تحت گرفتار کیا گیا۔ 20 اگست 2022ءکو درج مقدمہ میں ان کی گرفتاری میں فواد چوہدری پر پی ٹی آئی کی ریلی نکالنے اور سڑکیں بلاک کرنے کا الزام ہے۔ دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل نے فواد چوہدری کو بازیاب کرا کر رہا کرنے کی درخواست میں پولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔ فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے درخواست میں موقف اختیار کیاکہ فواد چوہدری کو غیر قانونی قید و حراست سے بازیاب کرایا جائے۔ ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ قدرت اللہ نے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اینٹی کرپشن خیبر پی کے کے حکام ایک ہفتے میں قانونی کارروائی مکمل کریں۔ مارگلہ پولیس نے اسد قیصر کو عدالت میں پیش کیا‘ اسد قیصر نے کہاکہ جلدی کرنے کا حکم دیں، اینٹی کرپشن حکام لے جانے میں بہت دیر لگا دیں گے۔ پی ٹی آئی وکلا پیش ہوئے، وکیل شعیب شاہین نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کو کیا جلدی ہے؟ کسی اور کے مقدمے میں گرفتار کرنے کا اختیار اسلام آباد پولیس کو کس نے دیا؟ کل الیکشن کا اعلان ہوا اور اسد قیصر کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسد قیصر کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے اس موقع پر اسد قیصر کو حفاظتی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی پولیس کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے اسد قیصر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کر دیئے۔راولپنڈی سے اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے فواد حسین چوہدری کل 6 نومبر کو دن گیارہ بجے طلب کر لیا ہے، جس کیلئے انہیں باضابطہ نوٹس جاری کر دیا گیا۔ فواد حسین چوہدری پر اختیارات سے تجاوز، ہاﺅسنگ سوسائٹی کیلئے سرکاری اراضی پر قبضہ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔